استنبول: وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر استنبول پہنچے ہیں، جہاں دونوں رہنما پاک ترکیہ دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبوں پر تفصیلی بات چیت کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف دوطرفہ دورے پر ترکیہ کے شہر استنبول پہنچے، جہاں اتاترک ایئرپورٹ پر ترکیہ کے وزیر تجارت پروفیسر ڈاکٹر عمر بولات، ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید اور ترک وزارت خارجہ و سفارت خانے کے اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی موجود ہیں۔
وزیر اعظم اور ترک صدر کے درمیان ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے اقدامات پر خصوصی توجہ دی جائے گی جب کہ علاقائی امن و سلامتی سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی اور عالمی امور بھی ایجنڈے کا حصہ ہوں گے۔
وزیراعظم اپنے دورۂ استنبول کے دوران پاکستان کی میزبانی میں منعقد ہونے والی بزنس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔ کانفرنس میں خصوصی اقتصادی زونز، توانائی، اطلاعاتی ٹیکنالوجی، نجکاری اور دیگر شعبوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع کو اجاگر کیا جائے گا۔
بزنس کانفرنس میں ترکیہ کے ممتاز کاروباری رہنما، سرمایہ کار، اعلیٰ سرکاری حکام اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات شرکت کریں گی، جہاں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔



















