Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دھمکی نہیں دی، خطرے کی گھنٹی بجائی ہے، زور زبردستی ہوئی تو حالات قابو سے باہر ہوسکتے ہیں، بلاول بھٹو

لاہور میں بیٹھ کر میڈیا چلانے والے اور کاروباری شخصیات سندھ کی تاریخ اور وہاں کے حالات سے پوری طرح واقف نہیں

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انہوں نے کسی کو دھمکی نہیں دی بلکہ ملک کو درپیش ممکنہ خطرات سے خبردار کیا ہے، اگر نئے صوبوں یا دیگر معاملات پر زور زبردستی کی گئی تو حالات ایسے ہوسکتے ہیں جو ان کے قابو سے بھی باہر ہوجائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اور آئینی معاملات پر فیصلے جمہوری طریقے سے ہونے چاہئیں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنی رائے دینے کا حق حاصل ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ خطے کی صورتحال اور ملک کو درپیش معاشی مشکلات غیر معمولی ہیں، یہ محض ایک عام معاشی بحران نہیں بلکہ معاشی آفت ہے۔ عوام کو ہمیشہ سچ بتانا چاہیے کیونکہ خدشہ ہے کہ آنے والے دنوں میں معاشی مشکلات مزید بڑھ سکتی ہیں۔ تمام اسٹیک ہولڈرز کی توجہ عوام کو معاشی ریلیف فراہم کرنے اور ممکنہ مشکلات سے نمٹنے پر ہونی چاہیے۔

نظام کی تبدیلی اور ری سیٹ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ سسٹم کولیپس کی بحث انہوں نے شروع نہیں کی بلکہ محسن نقوی نے اس کا آغاز کیا تھا۔ اگر اس موضوع پر بحث شروع کی گئی ہے تو پھر دوسروں کی رائے بھی سننے کا حوصلہ ہونا چاہیے۔ کیا سسٹم ری سیٹ کی بات کرنے کا حق صرف محسن نقوی کو ہے؟ انہیں بھی یہ رائے دینے کا حق حاصل ہے کہ ملک میں جمہوری ری سیٹ ہونا چاہیے یا کوئی اور طریقہ اختیار کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی بہتری کے لیے کسی بھی تبدیلی کا بنیادی مقصد اداروں پر عوام کا اعتماد بحال کرنا ہونا چاہیے۔ نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم سے متعلق بحث پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ اتنے بڑے اسٹیک ہولڈر ہونے کے باوجود ان سے مشاورت نہیں کی گئی۔ آصف علی زرداری اور محسن نقوی کی ملاقات میں نئے صوبوں کا معاملہ زیر بحث نہیں آیا تھا جبکہ ایوان صدر نے بھی اس کی وضاحت کردی ہے۔ وزیراعظم سے ملاقات کا مقصد وفاقی حکومت کے ساتھ رابطہ کاری اور ہم آہنگی پیدا کرنا تھا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم کے ذریعے صوبے بنانے کی بات آئینی طریقہ کار کے بغیر ممکن نہیں۔ آئین کے آرٹیکل 239(4) میں اس حوالے سے واضح طریقہ کار موجود ہے، آئین کو ایک طرف رکھ کر ریفرنڈم کرانا مناسب نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی آئینی طریقہ کار کو نظرانداز کرکے فیصلے کرنے کی کوششیں کی گئیں، لیکن زور زبردستی سے معاملات حل نہیں ہوسکتے۔

نئے صوبوں کے معاملے پر ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کو صوبے کا درجہ دینے اور جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے الگ الگ تناظر ہیں۔ جنوبی پنجاب سے متعلق پنجاب اسمبلی میں قرارداد بھی منظور ہوچکی ہے، جہاں عوام کے منتخب نمائندے اپنا مؤقف دے چکے ہیں وہاں اسی کے مطابق پیش رفت ہونی چاہیے۔ سندھ کے عوام سے یہ نہیں پوچھا جاسکتا کہ پنجاب میں نیا صوبہ بننا چاہیے یا نہیں، اسی طرح دوسرے صوبوں کے عوام بھی سندھ کی تقسیم کا فیصلہ نہیں کرسکتے۔

انہوں نے انتخابی اصلاحات اور الیکشن کمیشن کی ساکھ پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ملک میں انتخابی عمل پر اعتماد تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔ ماضی میں عموماً اپوزیشن جماعتیں دھاندلی کے الزامات لگاتی رہی ہیں، لیکن یہ پہلی مرتبہ ہے کہ اپوزیشن کے ساتھ حکومتی جماعتیں اور اتحادی بھی انتخابی عمل پر اعتراضات کررہے ہیں۔ ایسے حالات میں یہ کیسے ممکن ہے کہ ریفرنڈم کے ذریعے عوام کی حقیقی رائے سامنے آسکے۔

بلاول بھٹو نے خبردار کیا کہ اگر آئینی اور جمہوری دائرے سے باہر نکل کر فیصلے مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تو حالات سنگین ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا کوئی کارکن ہتھیار نہیں اٹھائے گا، لیکن اس کے باوجود حالات ان کے قابو سے باہر ہوسکتے ہیں۔ ان کے بقول آگ اتنی پھیل سکتی ہے کہ محسن نقوی خود ان کے پاس آکر حالات سنبھالنے کی درخواست کریں گے، مگر اس وقت وہ بھی ہاتھ کھڑے کردیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر جمہوری اور آئینی طریقے سے بحث اور فیصلے کیے جائیں تو کسی خطرے کی گنجائش نہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ لاہور میں بیٹھ کر میڈیا چلانے والے اور کاروباری شخصیات سندھ کی تاریخ اور وہاں کے حالات سے پوری طرح واقف نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اور ان کی جماعت ملک کے بڑے سیاسی اسٹیک ہولڈرز میں شامل ہیں، لیکن انہیں بھی رائے دینے کا حق نہ ملے تو عوام کی آواز کیسے سنی جاسکتی ہے؟ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر نظام کی ایک اہم شخصیت سسٹم کولیپس کی بات کرسکتی ہے تو انہیں اپنی رائے دینے سے کیوں روکا جارہا ہے۔

بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری اور احتساب کے معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان سیاسی وجوہات اور اپنی غلطیوں کے باعث بھی جیل میں ہوسکتے ہیں، ان کے خلاف کرپشن، عدت اور 9 مئی کے مقدمات بھی موجود ہیں۔ تاہم انہوں نے عدت کیس کے معاملے پر ہونے والی گفتگو کی ماضی میں مذمت کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے بارے میں یہ تاثر دیا تھا کہ وہی صاف ستھرے ہیں اور باقی سب کرپٹ ہیں، لیکن پاکستان میں بننے والے کرپشن مقدمات پر عوام کا اعتماد نہیں رہا۔ نواز شریف جب تک اسٹیبلشمنٹ کے لیے قابل قبول تھے تو ان پر سوالات نہیں اٹھائے گئے اور عمران خان کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوتا رہا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ان کے نانا ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دی گئی اور والدہ بے نظیر بھٹو کو قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑا، وہ نہیں چاہتے کہ ملک دوبارہ ایسے حالات سے گزرے۔ ان کے مطابق اگر انہیں قومی اسمبلی میں مطلوبہ اکثریت حاصل ہوتی تو وہ نیب اور موجودہ احتسابی طریقہ کار ختم کرکے ایک نیا نظام متعارف کراتے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اب مکافات عمل کا شکار ہیں اور ان کے ساتھ بھی وہی کچھ ہورہا ہے جو ماضی میں ان کے مخالفین کے ساتھ ہوتا رہا۔

متعلقہ خبریں