وزیراعظم محمد شہباز شریف سے استنبول میں ترکیہ کے سرکردہ کاروباری گروپوں اور صنعتی تنظیموں کے اعلیٰ عہدیداران نے الگ الگ ملاقاتیں کیں جن میں اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے اور معیشت کے کلیدی شعبوں میں ترکی کی مزید سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزیراعظم کی چالک ہولڈنگ کے چیئرمین جناب احمد چالک، البیرک گروپ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین جناب احمد البیرک اور یونین آف دی چیمبر اینڈ کموڈیٹی ایکسچینجز آف ترکیہ کے صدر رفعت حصارسیکیعلو سے ملاقاتیں ہوئیں۔
وزیراعظم نے ترک کمپنیوں کو پاکستان کے ترجیحی شعبوں بشمول توانائی، کان کنی و معدنیات، انفراسٹرکچر، میری ٹائم (بحری امور) و لاجسٹکس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکیشن، مینوفیکچرنگ، زراعت اور نجکاری میں اپنی سرمایہ کاری کا دائرہ کار بڑھانے کی دعوت دی۔
انہوں نے کہا کہ ‘خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل’ ایس آئی ایف سی، متعلقہ وفاقی اور صوبائی حکام کے ساتھ قریبی تعاون سے کام کرتے ہوئے، اسٹریٹجک سرمایہ کاروں کو ‘ون ونڈو’ سہولت اور ادارہ جاتی معاونت فراہم کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان میں البیرک گروپ کی دیرینہ سرگرمیوں کو سراہا اور پاکستان کی مواصلاتی رابطوں اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں کمپنی کے اہم کردار کا اعتراف کرتے ہوئے، انہیں بحری انفراسٹرکچر، بندرگاہوں کی جدید کاری اور لاجسٹکس کے شعبوں میں اپنی سرمایہ کاری مزید بڑھانے کی ترغیب دی۔
یونین آف دی چیمبر اینڈ کموڈیٹی ایکسچینجز آف ترکیہ کے صدر کے ساتھ ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان کاروباری سطح پر باہمی روابط کو مضبوط بنانے کے لیے تنظیم کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔



















