Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاک بحریہ کی سی اسپارک 2026 مشقوں کا آغاز

مشق میں پاک آرمی اور پاک فضائیہ بھی مشترکہ طور پر حصہ لے رہی ہیں

کراچی میں پاک بحریہ کی بڑی بحری مشق سی اسپارک 2026 مشقوں کا آغاز ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مشق کی افتتاحی بریفنگ کی صدارت نیول چیف نے کی جس میں مسلح افواج کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سی اسپارک 2026‘‘ کے دوران پاک بحریہ کی جنگی تیاری اور جدید بحری خطرات سے نمٹنے کی صلاحیتوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ مشق میں بحری جہازوں، آبدوزوں، طیاروں، بغیر پائلٹ نظام، میرینز اور اسپیشل فورسز کو شامل کیا گیا ہے۔

مشق میں پاک آرمی اور پاک فضائیہ بھی مشترکہ طور پر حصہ لے رہی ہیں، جس میں روایتی اور ابھرتے ہوئے بحری خطرات کے خلاف تینوں سروسز کی جنگی تیاری کو جانچا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ’’سی اسپارک 2026‘‘ میں ملٹی ڈومین آپریشنز کی مشق بھی کی جا رہی ہے جس کے دوران سمندری، فضائی، زمینی، سائبر اور خلائی صلاحیتوں کو مربوط کیا جا رہا ہے۔

مشق کے دوران انفارمیشن ماحول میں آپریشنز کے ذریعے معلوماتی جنگ کے میدان میں فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کی صلاحیت کو بھی جانچا جا رہا ہے۔ اس طرح سمندری کارروائیوں کے ساتھ انفارمیشن وارفیئر کو بھی مشق کا حصہ بنایا گیا ہے۔

دوسری جانب نیول چیف نے پی این فلیٹ یونٹس کا دورہ کیا اور جاری آپریشنز کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر نیول چیف نے کہا کہ بدلتے ہوئے سیکیورٹی ماحول میں غیر معمولی جنگی تیاری، تینوں سروسز کے درمیان بہتر انضمام اور مؤثر ردعمل کی ضرورت ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version