Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بھاگ ناڑی میں مسلح افراد کا پولیس تھانے اور سرکاری دفاتر پر حملہ، 5 شہری زخمی

مقامی شہریوں نے بھی پولیس کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے علاقے میں امن کے قیام کی حمایت کی۔

بھاگ ناڑی میں مسلح افراد نے پولیس تھانے اور سرکاری دفاتر پر حملہ کردیا جس کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور 5 شہری زخمی ہوگئے جب کہ مقامی ذرائع کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد 100 سے زائد تھی۔

بی بی سی اردو کے مطابق زخمی شہریوں کو علاج کے لیے کوئٹہ اور سندھ کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ مقامی ذرائع بتاتے ہیں کہ بھاگ پولیس نے حملہ آوروں کے سامنے مزاحمت کرتے ہوئے پولیس تھانے کا دفاع کیا۔

ایس ایچ او عبدالرسول جتوئی اور پولیس ٹیم نے مسلح حملہ آوروں کے سامنے ڈٹ کر مقابلہ کیا جس پر مقامی شہریوں نے پولیس کی مزاحمت کو سراہا۔

مقامی ذرائع کے مطابق ایس ایچ او عبدالرسول جتوئی نے کہا کہ بھاگ ہمارا گھر ہے، ہم امن کے ساتھ کھڑے ہیں۔ بھاگ میں پولیس کا عزم واضح ہے کہ ریاستی اداروں اور عوام کے دفاع سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

مقامی شہریوں نے بھی پولیس کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے علاقے میں امن کے قیام کی حمایت کی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پولیس اور اے ٹی ایف نے بھاگ حملہ ناکام بنادیا جب کہ حملہ آوروں کا تعلق بلوچ لبریشن آرمی سے تھا۔

بلوچستان میں مختلف کارروائیاں، گزشتہ 72 گھنٹوں میں 48 دہشت گرد ہلاک

دوسری جانب سیکیورٹی فورسز نے مستونگ، سبی، کوئٹہ اور قلات میں مختلف کارروائیوں کے دوران گزشتہ 72 گھنٹوں میں 48 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ علاقے میں باقی ماندہ دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے۔

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق کارروائیوں کے دوران اسلحہ بھی برآمد کیا گیا جب کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں باقی ماندہ دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے۔

واشنگٹن پوسٹ نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں کو بھارتی سرپرستی میں دہشت گرد قرار دیا گیا۔ ایک روز قبل افغانستان سے شمال مغربی پاکستان میں داخلے کی کوشش کرنے والے 15 دہشت گرد بھی ہلاک کیے گئے تھے۔

متعلقہ خبریں