Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

تیل و گیس تلاش کرنے والی کمپنی او جی ڈی سی منافع کے نئے ریکارڈ توڑ دیئے

او جی ڈی سی کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران کمپنی کی فی شیئر آمدن 56 روپے 35 پیسے رہی

ملک کی سب سے بڑی تیل و گیس تلاش کرنے والی کمپنی او جی ڈی سی نے مالی سال 2025-26 کے شاندار مالیاتی نتائج کا اعلان کرتے ہوئے 242 ارب روپے سے زائد بعد از ٹیکس منافع حاصل کرلیا، جبکہ شیئر ہولڈرز کے لیے تاریخ کے بلند ترین سالانہ ڈویڈنڈ کا بھی اعلان کردیا گیا۔

ترجمان او جی ڈی سی کے مطابق کمپنی کا بعد از ٹیکس منافع 242.37 ارب روپے رہا، جبکہ سالانہ سیلز آمدن 449.19 ارب روپے ریکارڈ کی گئی۔

کمپنی نے 6 روپے فی شیئر حتمی کیش ڈویڈنڈ کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد مالی سال کے لیے مجموعی سالانہ ڈویڈنڈ 17 روپے فی شیئر تک پہنچ گیا، جو کمپنی کی تاریخ کا بلند ترین سالانہ ڈویڈنڈ قرار دیا جا رہا ہے۔

او جی ڈی سی کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران کمپنی کی فی شیئر آمدن 56 روپے 35 پیسے رہی۔

ترجمان نے بتایا کہ او جی ڈی سی نے ایک سال کے دوران 187 ارب روپے قومی خزانے میں جمع کرائے جبکہ ملکی سطح پر 3.31 ارب ڈالر کا زرمبادلہ بچانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

تیل و گیس کی تلاش کے شعبے میں بھی کمپنی نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں اور مالی سال کے دوران 9 نئے تیل و گیس کے ذخائر دریافت کیے۔ کمپنی کا ریزرو ریپلیسمنٹ ریشو 236 فیصد رہا۔

پیداواری اعداد و شمار کے مطابق او جی ڈی سی کی اوسط یومیہ پیداوار 32 ہزار 861 بیرل تیل، 667 ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس اور 670 میٹرک ٹن ایل پی جی رہی۔

ترجمان کے مطابق کمپنی کی شاندار مالیاتی کارکردگی کے باعث او جی ڈی سی کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 1.44 کھرب روپے تک پہنچ گئی ہے۔

او جی ڈی سی کے مالیاتی نتائج کو توانائی کے شعبے میں ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، جہاں کمپنی نے نہ صرف اربوں روپے کا منافع کمایا بلکہ قومی خزانے، توانائی کی ضروریات اور زرمبادلہ کی بچت میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔