سیکیورٹی خدشات اور موجودہ تھریٹ کے پیش نظر مزار قائد اور اطراف میں سیکیورٹی انتظامات مزید فول پروف کر دیے گئے ہیں جبکہ علاقے میں عوامی رش، جلسے، جلوس اور بڑے اجتماعات کی اجازت نہیں ہوگی۔
پولیس ذرائع کے مطابق عوام کی حفاظت یقینی بنانے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مزار قائد اور ملحقہ علاقوں میں بڑے اجتماعات پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ زبیر نظیر شیخ نے کہا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث مزار قائد کے اطراف کسی بھی قسم کے عوامی رش، جلسے یا جلوس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اجازت نہ ملنے کے باوجود اگر کسی نے اجتماع کرنے کی کوشش کی تو قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر مزار قائد کے اطراف اضافی پولیس نفری تعینات کر دی گئی ہے، جبکہ داخلی اور خارجی راستوں پر نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مزار قائد کی جانب جانے والی سڑکوں کو بھی کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا گیا ہے اور علاقے میں سیکیورٹی کی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تمام اقدامات کا مقصد شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنا ہے۔
