راولپنڈی: انڈونیشین بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انڈونیشین بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اس ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ فریقین نے دونوں ممالک کی افواج کے درمیان موجودہ عسکری تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا تھا کہ ملاقات میں بالخصوص پیشہ ورانہ تربیت، دفاعی اشتراک اور مشترکہ مشقوں کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دفاع اور سلامتی کے شعبوں سمیت انڈونیشیا کے ساتھ دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے ان کی خدمات کا اعتراف کیا۔
