عالمی منڈی میں خام تیل اور پٹرولیم مصنوعات کی بلند قیمتوں کے اثرات پاکستان میں بھی سامنے آگئے، اوگرا نے 17 ستمبر 2026 کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی ایکس ڈپو قیمتوں میں بڑا اضافہ کردیا۔
اوگرا کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 6 روپے 88 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 391 روپے 22 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 62 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 421 روپے 45 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
اوگرا کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ اضافہ بنیادی طور پر عالمی منڈی میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق عالمی سطح پر جاری غیر یقینی صورتحال کے باعث خام تیل اور پٹرولیم مصنوعات کی بین الاقوامی قیمتیں بلند سطح پر برقرار ہیں، جس کے اثرات پاکستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر بھی مرتب ہورہے ہیں۔
اوگرا نے بتایا کہ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا تعین عالمی مارکیٹ کے پلیٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر متعلقہ عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
نئی قیمتوں کے مطابق 17 ستمبر سے پٹرول 391 روپے 22 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 421 روپے 45 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے کل رات 12 بجے تک ہو گا۔



















