اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر فیول ریلیف اسکیم کے تحت ملک بھر میں 100 روپے فی لیٹر رعایتی نرخ پر پیٹرول کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اسکیم سے متعلق موصول ہونے والی آراء کی روشنی میں مزید سہولتوں کا اعلان کیا گیا ہے۔
وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق پانچ لیٹر سے کم پیٹرول ڈلوانے والے موٹرسائیکل، چنگ چی اور رکشہ صارفین کو بھی ایک ٹوکن پر ہفتے میں 500 روپے تک کی رعایت دی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے ہر ہفتے ایک ٹوکن جاری کیا جائے گا جبکہ ایک ماہ کے دوران مجموعی طور پر 4 ٹوکن جاری ہوں گے۔
اسکیم کے تحت 800 سی سی تک کی گاڑیاں استعمال کرنے والے افراد کو پہلے کی طرح ہر 10 روز بعد 10 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر کی رعایت ملتی رہے گی تاہم اس طرح ایک ماہ میں 10 لیٹر کے 3 ٹوکن جاری کرنے کا سلسلہ بھی برقرار رہے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس سے قبل اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے اہل افراد کے لیے رجسٹریشن میسج کو مکمل طور پر مفت کرنے کا اعلان کیا تھا۔
وزیراعظم کی ہدایت پر فیول ریلیف اسکیم میں 20 سال پرانی موٹرسائیکلوں، رکشوں اور چنگ چی رکشوں کو بھی شامل کرلیا گیا ہے اور اس فیصلے پر عملدرآمد شروع ہوچکا ہے۔
یکم جنوری 2006 کے بعد رجسٹرڈ ہونے والی تمام موٹرسائیکلیں، رکشے اور چنگ چی رکشے وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم میں رجسٹریشن کے لیے اہل قرار دیے گئے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف اسکیم کے مختلف پہلوؤں کی خود نگرانی کر رہے ہیں جبکہ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ اسکیم سے مستفید ہونے والوں کا دائرہ کار وسیع کرنے کے ساتھ پیٹرول پر رعایت کی باعزت، آسان اور بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنائی جائے۔
