کراچی سمیت ملک بھر میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) 2026 آج منعقد ہورہا ہے۔
وائس چانسلر آئی بی اے سکھر کے مطابق سندھ میں ایم ڈی کیٹ کے لیے 8 شہروں میں 9 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ امتحانی مراکز کراچی، حیدرآباد، جامشورو، لاڑکانہ، سکھر، میرپورخاص، شہید بینظیرآباد اور اسلام آباد میں قائم کیے گئے ہیں۔
کراچی میں ایم ڈی کیٹ کے لیے این ای ڈی یونیورسٹی اور ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس میں امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق سندھ بھر سے 34 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات ایم ڈی کیٹ میں شرکت کریں گے، جبکہ کراچی میں مجموعی طور پر 10 ہزار 964 امیدوار ٹیسٹ دیں گے۔ این ای ڈی یونیورسٹی میں تقریباً 6 ہزار جبکہ ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس میں 4,964 امیدوار امتحان میں شریک ہوں گے۔
ایم ڈی کیٹ کا ٹیسٹ صبح 10 بجے شروع ہوگا، تاہم امیدواروں کے لیے رپورٹنگ کا وقت صبح ساڑھے 6 بجے مقرر کیا گیا ہے۔ امتحان کا دورانیہ 3 گھنٹے ہوگا۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ امیدواروں کو امتحان مکمل ہونے سے پہلے امتحانی مرکز چھوڑنے کی اجازت نہیں ہوگی اور انہیں ٹیسٹ کے اختتام تک اپنی نشستوں پر بیٹھنا ہوگا۔
امتحان کے بعد امیدوار سوالیہ پرچہ اپنے ساتھ نہیں لے جا سکیں گے۔ انہیں امتحانی مرکز سے روانہ ہونے سے قبل سوالیہ پرچہ نگران عملے کے حوالے کرنا ہوگا۔ سوالیہ پرچہ واپس نہ کرنے کی صورت میں امیدوار کا نتیجہ منسوخ کیا جا سکتا ہے۔
امتحانی مراکز میں موبائل فون سمیت کسی بھی ڈیجیٹل ڈیوائس کو ساتھ لانے پر پابندی ہوگی۔
پروفیسر آصف احمد شیخ نے کہا کہ امتحان کے دوران پیپر لیک ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اس حوالے سے تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔
سیبا ٹیسٹنگ سروسز کے مطابق تمام امتحانی مراکز پر امیدواروں کے والدین اور سرپرستوں کے لیے علیحدہ انتظار گاہیں قائم کی جائیں گی۔ امتحانی ہال میں امیدواروں کو ضروری اسٹیشنری اور صاف پینے کا پانی بھی فراہم کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ امتحانی مراکز پر امیدواروں اور ان کے والدین و سرپرستوں کے لیے ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
