پرائیویٹ حج اسکیم میں کوٹہ دستیاب ہونے کے باوجود بکنگ سے انکار کی شکایات پر وزارت مذہبی امور نے نوٹس لے لیا۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق بعض عازمین نے شکایت کی ہے کہ حج پورٹل پر متعلقہ ٹور آپریٹر کی نشستیں دستیاب ظاہر ہوتی ہیں، تاہم رابطہ کرنے پر انہیں کوٹہ مکمل ہونے کا بتایا جاتا ہے۔
وزارت نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ ایسی صورتحال میں خاموش رہنے کے بجائے باقاعدہ شکایت درج کرائیں۔ شکایت پاک حج ایپ کے ’’انکوائری‘‘ آپشن کے ذریعے یا سیکشن آفیسر مانیٹرنگ کو سرکاری ای میل [email protected] پر بھیجی جاسکتی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ موصول ہونے والی شکایات کا جائزہ لیا جائے گا اور حج پورٹل پر ظاہر ہونے والے کوٹے اور ٹور آپریٹر کی فراہم کردہ معلومات میں تضاد سامنے آنے پر معاملے کی تحقیقات کی جائیں گی۔
وزارت کے مطابق شکایات کو متعلقہ کمپنی کی مانیٹرنگ رپورٹ کا حصہ بنایا جائے گا، جبکہ پرائیویٹ حج اسکیم میں عازمین کے مفادات کا تحفظ اور بکنگ کے عمل میں شفافیت یقینی بنانا وزارت کی ترجیحات میں شامل ہے۔


















