پاک فوج میں ماسٹ ماؤنٹڈ ریڈارز والے زی 10 ہیلی کاپٹرز کی شمولیت اور فعالیت سے بھارتی اپاچی ہیلی کاپٹرز کی برتری کا خاتمہ ہوجائے گا۔
ماسٹ ماؤنٹڈ ریڈار کی بدولت زی 10 ایم ای پہاڑی سلسلوں میں پوشیدہ رہ کر دشمن پر جھپٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، زی 10 اٹیک ہیلی کاپٹرز کی پاک فوج میں شمولیت خطے کی جنگی حکمت عملی میں ایک اہم موڑ ہے۔
نیٹ ورک سینٹرک وار فیئر اور پہاڑی سلسلوں میں پوشیدہ رہتے ہوئے دشمن کو درستگی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت بڑی پیشرفت ہے۔ زی 10 ہیلی کاپٹرز میں ماسٹ ماؤنٹڈ ملی میٹر ویو فائر کنٹرول ریڈار دھند، دھواں اور بارش میں بھی 20 سے 25 کلومیٹر کے فاصلے پر دشمن کے اہداف کا پتہ لگا سکتا ہے۔

ماسٹ ماؤنٹڈ ریڈار کی مدد سے ہیلی کاپٹر خود پہاڑی یا زمین کی اوٹ میں چھپ کر بھی ہدف کی نشاندہی کر سکتا ہے، زی 10 ایم ای خاص طور پر مشکل موسمی حالات، بلند پہاڑی علاقوں اور شدید جنگی ماحول کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے۔
زی 10 ایم ای میں جدید ترین گلاس کاک پِٹ، الیکٹرانک وارفیئر سسٹمز اور میزائل اپروچ وارننگ سسٹمز نصب ہیں جبکہ یہ گائیڈڈ میزائلز، راکٹس اور 23 ملی میٹر کی خودکار کینن سے لیس ہے، زی 10 ایم ای کی خودکار کینن اسے نہ صرف ٹینک شکن بلکہ انفنٹری سپورٹ کے لیے خوفناک ہتھیار بناتی ہے۔
واضح رہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اگست 2025 میں زی 10 ایم ای ہیلی کاپٹرز کی پاک فوج میں شمولیت کا افتتاح کیا تھا۔














