فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے مالدیپ کی پارلیمنٹ کے اسپیکر عبدالرحیم عبداللہ نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور پاکستان و مالدیپ کے دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مالدیپ کے ساتھ پاکستان کے برادرانہ تعلقات کی اہمیت اجاگر کی اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ روابط مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا، جبکہ دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
مالدیپ کی پارلیمنٹ کے اسپیکر عبدالرحیم عبداللہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اور مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور مالدیپ کے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
