بہاولپور: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 168 بہاولپور میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے جہاں 20 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہورہا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ مقررہ وقت صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔
حلقے میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 83 ہزار 143 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں جن میں 2 لاکھ 48 ہزار 529 مرد اور 2 لاکھ 34 ہزار 614 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
این اے 168 میں ووٹنگ کے لیے مجموعی طور پر 292 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں 130 مردوں، 130 خواتین جبکہ 32 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں۔ حلقے میں مجموعی طور پر 896 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔
ضمنی انتخاب کے موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق 3 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ پاک فوج اور رینجرز کی ایک، ایک کمپنی بھی ریزرو میں موجود ہے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال کے باعث این اے 168 کی نشست خالی ہوئی تھی۔ ان کی خالی نشست پر مسلم لیگ ن کی جانب سے ملک منیر اقبال چنڑ امیدوار ہیں جبکہ سابق وفاقی وزیر چوہدری طارق بشیر چیمہ کے صاحبزادے ولی داد چیمہ بھی آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخابی میدان میں موجود ہیں۔
