Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جولائی 2027 سے یکساں گیس ٹیرف، آئی ایم ایف سے منظوری لینے کا فیصلہ

نئی پالیسی لاگو ہونے سے گھریلو صارفین کے نرخوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے

پیٹرولیم ڈویژن نے یکم جولائی 2027 سے ملک میں یکساں گیس ٹیرف نافذ کرنے کے لیے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے منظوری لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس مقصد کے لیے حکومت کو موجودہ کراس سبسڈی کا نظام ختم کرکے کم آمدن والے گھرانوں کے لیے ہدفی مالی معاونت کی خاطر تقریباً 162 ارب روپے مختص کرنا ہوں گے۔

مجوزہ اصلاحات کے تحت پاکستان میں رائج گیس کے 12 سلیب پر مشتمل ٹیرف نظام ختم کردیا جائے گا جس کے تحت صارفین ماہانہ گیس کی کھپت کے مطابق مختلف نرخ ادا کرتے ہیں، اس کے بجائے تمام صارفین کے زمروں کو بتدریج تقریباً 1,708 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کے یکساں اوسط ٹیرف کی جانب منتقل کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق کم آمدن مستحق افراد کو گیس کے بجائے آمدنی کی بنیاد پر سبسڈی دینے کی تجویز ہے، گیس سبسڈی کا موجودہ نظام ختم کر کے آمدنی کو ریلیف کا معیار بنانے کی تجویز ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان نے آئی ایم ایف سے کراس سبسڈی ختم کرنے کا وعدہ کر رکھا ہے، گیس سبسڈی کو کھپت کے بجائے آمدنی سے منسلک کرنے کی تجویز ہے، گیس پر ریلیف حاصل کرنے کے لیے گھریلو آمدنی معیار بنے گی، بےنظیرانکم سپورٹ پروگرام کےذریعےصارفین کی مالی معاونت کی جائے گی۔

موجودہ نظام میں کم استعمال کرنے والے صارفین انتہائی کم نرخ پرگیس حاصل کر رہے ہیں، پروٹیکڈ صارفین 200 سے 350 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو تک گیس استعمال کر رہے ہیں، کراس سبسڈی ختم کرنے کیلئے بجٹ میں 162 ارب روپے مختص کیے جائیں گے۔

نئی پالیسی لاگو ہونے سے گھریلو صارفین کے نرخوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے جبکہ صنعتی اور تجارتی شعبے کیلئے گیس نرخوں میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version