سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب کارروائیاں جاری ہیں۔
ضلع سہراب کے علاقے مال مدرسہ کے قریب سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد جہنم واصل ہوا جبکہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد دوسرا دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
سیکیورٹی فورسز نے مال مدرسہ اور بتیگو کے درمیان دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی جبکہ فتنہ الہندوستان کے ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد کرلیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ فورسز بلوچستان میں امن وامان قائم کرنے اور دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
دوسری جانب سیکیورٹی فورسز کی عزم استحکام ویژن کے تحت خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔
سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے 3 خارجوں کو جہنم واصل کردیا جبکہ کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ فورسز نے میر علی اور گردونواح میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو درستگی سے تباہ کردیا اور خارجی دہشت گردوں کی جانب سے میر علی بازار کے قریب راشن کے ٹرک کو روکنے کی کوشش بھی ناکام بنا دی۔
سیکیورٹی فورسز عزم استحکام ویژن کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔
