Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کور کمانڈرز کانفرنس؛ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بہترین انتظامی اور گورننس کے اقدامات ناگزیر قرار

فورم نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پولیس کی استعداد کار بڑھانے پر بھی زور دیا۔

راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 277 ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیوں کو پاکستان کا دفاعی حق قرار دیا گیا جب کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مؤثر گورننس، انٹیلی جنس آپریشنز اور پولیس کی استعداد بڑھانے پر زور دیا گیا۔

کانفرنس کے شرکاء نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادر وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہریوں کے لیے فاتحہ خوانی کی اور شہداء کی بے مثال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

فورم نے کہا کہ افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں پاکستان کا دفاعی حق ہیں۔ ہندوستان کے آلہ کار کے طور پر دہشت گردی کے سنگین نتائج کی ذمہ داری طالبان کی قیادت پر عائد ہوتی ہے۔

کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے انٹیلی جنس کی بنیاد پر جاری کامیاب انسداد دہشت گردی کارروائیوں کو سراہا۔

کانفرنس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے زمینی کارروائیوں کے ساتھ مؤثر انتظامی اور گورننس اقدامات بھی ناگزیر ہیں۔ اس مقصد کے لیے گورننس کے نظام کو بنیادی سطح پر عوام کے قریب لانے کی ضرورت ہے۔

فورم کے مطابق دہشت گردی کی وجوہات اور عوامل کے حوالے سے عوام کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری اور بیانیے پر کام کرنا بھی ضروری ہے۔

شرکاء نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مخصوص عناصر کے زیر سایہ کام کرنے والے جرائم اور دہشت گردی کے گٹھ جوڑ کو توڑنے اور پولیس کی استعداد کار بڑھانے پر بھی زور دیا۔

کانفرنس میں کہا گیا کہ پاکستان کے لیے داخلی استحکام انتہائی اہم ہے۔ کسی بھی جواز کے تحت پُرتشدد انتشار یا 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی کوششوں سے بلاامتیاز اور بلا جھجھک قانون اور فیصلہ کن طاقت کے ذریعے نمٹا جائے گا۔

فورم نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کیا۔ شرکاء نے اسے تینوں ممالک کے دیرینہ اسٹریٹجک تعلقات اور مشترکہ دفاعی تعاون کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔

کانفرنس کے شرکاء نے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا اور سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کیا۔ فورم نے حرمین شریفین کے تحفظ اور تقدس کے لیے پاکستان کے عزم کا بھی بھرپور اعادہ کیا۔

مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کانفرنس کے شرکاء نے مؤقف اختیار کیا کہ اس تنازع کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق نکالا جانا چاہیے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے جانے والے آپریشنز کو مزید مضبوط بنانے کا عمل جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ فارمیشنز جدید ٹیکنالوجی کے حصول، تربیت اور جنگ کے تمام شعبوں کے باہمی انضمام کے ذریعے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ کریں۔

فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version