Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دنیا کے امن کے لیے پاکستان کا کردار قابلِ ستائش ہے، انتونیوگوتریس کی وزیرداخلہ سے ملاقات

پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز میں اپنا بھر پور کردار جاری رکھے گا، محسن نقوی

اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی اور کہا کہ پاکستان کی اقوام متحدہ کے امن مشنز میں شرکت ہمیشہ نمایاں رہی ہے دنیا کے امن کے لیے پاکستان کا کردار قابلِ ستائش ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس وزارت داخلہ  پہنچے، جہاں انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری سے ملاقات کی، جس میں عالمی و علاقائی صورتحال اور امن مشنز  کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

محسن نقوی نے دوران ملاقاے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ لڑ رہا ہے۔ افغانستان میں اس وقت 25 دہشتگرد تنظیمیں کام کر رہی ہیں، جو دنیا کے امن کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔ عالمی برادری کو اس خطرے سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز میں اپنا بھر پور کردار جاری رکھے گا۔ پاکستانی پولیس کے افسران اور اہلکار اقوام متحدہ پولیس میں بھی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ پاکستان نے امن مشنز میں 181 جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے

دوسری جانب انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستان کی اقوام متحدہ کے امن مشنز میں شرکت ہمیشہ نمایاں رہی ہے۔ دنیا کے امن کے لیے پاکستان کا کردار قابلِ ستائش ہے۔

آخر میں وزیر داخلہ نے قدرتی آفات کے دوران پاکستان کی بھرپور امداد پر جنرل سیکرٹری اقوام متحدہ کا شکریہ ادا کیا۔ اسپیشل سیکرٹری داخلہ،  ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ اور اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس تین روزہ دورہ پاکستان مکمل کرکے اسلام آباد سے واپس روانہ ہوگئے،دورے میں اقوام متحدہ کے منشور، کثیرالجہتی نظام اور عالمی امن کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

دریں اثنا اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس تین روزہ دورہ پاکستان مکمل کرکے اسلام آباد سے واپس روانہ ہوگئے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی پاکستان کی قیادت اور اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں ہوئیں، جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے منشور، کثیرالجہتی نظام اور مذاکرات و سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے پُرامن حل کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version