Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کرم میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی؛ 12 خارجی دہشت گرد ہلاک، نائب صوبیدار شہید

‘پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے پُرعزم ہیں’

خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے جوابی کارروائی میں 12 خوارج کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کے نائب صوبیدار ہدایت امان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خوارج نے پاک افغان سرحد کے قریب دراندازی کی کوشش کی جس پر سیکیورٹی فورسز نے مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے انہیں نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے خوارج کے گروہ کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا گیا، دراندازی کی کوشش ناکام بنانے کے دوران افغان طالبان کی پوسٹوں سے خوارج کی معاونت کے لیے فائرنگ بھی کی گئی جس کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 12 خارجی و افغان طالبان ہلاک ہوگئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق اس دوران نائب صوبیدار ہدایت امان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے جن کی عمر 40 سال تھی اور ان کا تعلق ضلع غذر سے تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی سرحد پر دراندازی افغان طالبان کی جانب سے اپنی سرزمین دہشت گرد تنظیموں کے استعمال کو روکنے میں ناکامی کا ایک اور ثبوت ہے، افغان طالبان سرحد پار دہشت گردی کی معاونت اور سرپرستی کرکے انسداد دہشت گردی سے متعلق بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے میں مسلسل ناکام رہی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں موجود دیگر بھارتی اسپانسرڈ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے پُرعزم ہیں، وژن عزمِ استحکام کے مطابق انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔

ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا عزم برقرار ہے، شہید اہلکاروں کی قربانیاں ملکی سلامتی اور سرحدوں کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version