Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پشاور اسکول حادثہ، صوبے بھر کے نجی اسکولوں کی عمارتوں کی جانچ کا حکم

معائنہ کمیٹیوں کی سربراہی متعلقہ ضلع کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر، ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی کریں گے

دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے کے بعد خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے بھر کے نجی اسکولوں کی عمارتوں کی حفاظتی جانچ کے لیے معائنہ کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں، جبکہ گورنر فیصل کریم کنڈی نے واقعے کی تحقیقات چار روز میں مکمل کرنے اور غفلت کے مرتکب افراد کو سزا دینے کا اعلان کیا ہے۔

محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا نے نجی اسکولوں کی عمارتوں کے سروے اور فزیکل معائنے سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ معائنہ کمیٹیاں اسکولوں کی عمارتوں میں ممکنہ تعمیراتی نقائص اور حفاظتی خامیوں کی نشاندہی کریں گی۔ اس سلسلے میں ذاتی ملکیت اور کرائے پر حاصل کی گئی تمام عمارتوں کا معائنہ کیا جائے گا۔

کمیٹیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی تشکیل کے تین روز کے اندر تفصیلی رپورٹ جمع کرائیں اور عمارتوں کی حفاظت بہتر بنانے کے لیے ضروری اصلاحی اقدامات کی سفارشات بھی پیش کریں۔ معائنے کے بعد عمارتوں کو محفوظ، مرمت طلب یا ممکنہ طور پر غیر محفوظ قرار دینے کی سفارش کی جائے گی، جبکہ خطرناک عمارتوں کے بارے میں متعلقہ ضلعی حکام کو آگاہ کیا جائے گا۔

معائنہ کمیٹیوں کی سربراہی متعلقہ ضلع کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر، ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی کریں گے۔ کمیٹیوں میں ضلعی تعلیمی افسران، سب ڈویژنل ایجوکیشن افسران، اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران اور محکمہ مواصلات و تعمیرات کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔

دوسری جانب گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاور میں متاثرہ اسکول کا دورہ کیا اور حادثے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس واقعے پر پورا پشاور غمزدہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے کی تحقیقات کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے اور چار روز میں تحقیقات مکمل کرلی جائیں گی۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا کہ کوتاہی جس کی بھی ہوئی، اسے سزا ملے گی۔ ان کے مطابق تحقیقات میں صرف انکوائری تک محدود رہنے کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں گے اور اسکول کے مالک سے لے کر متعلقہ سرکاری محکموں تک سب کی ذمہ داری کا تعین کیا جارہا ہے۔

انہوں نے ماضی میں انکوائری کمیٹیوں اور فوٹو سیشن تک محدود رہنے والے اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس بار معاملے کو محض رسمی کارروائی تک نہیں رہنے دیا جائے گا۔

گورنر نے بتایا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کو 10 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو 2 لاکھ روپے فی کس امداد فراہم کی جائے گی۔

حکومت کے مطابق صوبے بھر میں نجی اسکولوں کی عمارتوں کا معائنہ کرنے کا مقصد حفاظتی خطرات کی بروقت نشاندہی، ممکنہ حادثات کی روک تھام اور طلبہ و اساتذہ کے لیے محفوظ تعلیمی ماحول یقینی بنانا ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version