اسلام آباد: اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے کاروباری برادری کے لیے 100 عازمینِ حج کا کوٹہ مختص کرنے کی تجویز پیش کردی جس پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے آئندہ حج سے نافذ کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے منگل کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا، جہاں چیمبر کی قیادت نے کاروباری برادری کو حج کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے خصوصی کوٹے کی تجویز پیش کی۔
اس موقع پر وزیر مذہبی امور نے کہا کہ حکومت حج 2027 کے انتظامات کررہی ہے اور پاکستانی عازمین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
اجلاس کے دوران سردار محمد یوسف نے بتایا کہ آئندہ تین برسوں کے لیے تقریباً 4 لاکھ 50 ہزار افراد حج کی رجسٹریشن کراچکے ہیں جب کہ پاکستان کا سالانہ حج کوٹہ ایک لاکھ 80 ہزار ہے۔ انہوں نے کہا کہ عازمینِ حج کا انتخاب پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے کاروبار میں آسانی پیدا کرنے اور ملکی معیشت کی ترقی میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے کردار کو سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ کاروباری برادری کے مسائل اجاگر کرنے اور حکومت سمیت متعلقہ اداروں کے ساتھ تعمیری رابطوں کے ذریعے معاشی ترقی کو فروغ دینے میں چیمبر کی کوششیں اہم ہیں۔
اس موقع پر رکن قومی اسمبلی بابر نواز خان اور بریگیڈیئر (ر) شہزاد اعوان بھی وفاقی وزیر کے ہمراہ تھے۔
آئی سی سی آئی کے صدر محمد ذکریا اکبر ضیا نے وفاقی وزیر کو چیمبر کے آئندہ منصوبوں سے آگاہ کیا جن کا مقصد اسلام آباد اور گردونواح میں معاشی خوشحالی کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیمبر کاروباری برادری کی معاونت، معاشی ترقی اور فلاحی سرگرمیوں کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ محمد ذکریا اکبر ضیا نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ آئی سی سی آئی جلد ایک محفلِ نعت کا اہتمام کرے گا جس میں انہیں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی دعوت دی گئی۔
چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد اشفاق حسین چھٹہ اور نائب صدر محمد وقاص خان نے بھی وفاقی وزیر کو ادارے کے طریقۂ کار، اہم سرگرمیوں اور نمایاں کامیابیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
اجلاس میں آئی سی سی آئی کے سابق صدور، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین اور چیمبر کے دیگر ممبران کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔

















