ضلعی انتظامیہ نے بسنت 2027 کے لیے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے لاہور میں 12 سے 14 مارچ تک پتنگ بازی کی اجازت دے دی ہے، تاہم مخصوص ممنوعہ علاقوں میں پتنگ بازی پر پابندی برقرار رہے گی اور اجازت یافتہ سامان کے استعمال سمیت تمام حفاظتی ضوابط پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پتنگوں اور ڈور کی تیاری 5 ستمبر 2026 سے 14 مارچ 2027 تک کی جا سکے گی، جبکہ پتنگ بازی کے سامان کی خریداری، نقل و حمل اور ذخیرہ کرنے کی اجازت یکم فروری 2027 سے ہوگی۔ سامان کی فروخت 10 فروری سے 14 مارچ 2027 تک کی جا سکے گی۔
نوٹیفکیشن میں پتنگوں اور ڈور کے مینوفیکچررز، تاجروں اور دکانداروں کی ڈیجیٹل رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے۔ صرف رجسٹرڈ دکاندار ہی پتنگ بازی کا سامان فروخت کر سکیں گے، جبکہ رجسٹرڈ مینوفیکچررز اور تاجروں کو اپنے اسٹاک اور فروخت کا مکمل ریکارڈ بھی برقرار رکھنا ہوگا۔
پتنگوں کے سائز سے متعلق بھی حدود مقرر کی گئی ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پتنگ کی لمبائی 35 انچ اور چوڑائی ساڑھے چار گِٹھی سے زیادہ نہیں ہوگی، جبکہ گڈے کی لمبائی 34 انچ اور چوڑائی ڈیڑھ توا مقرر کی گئی ہے۔
حفاظتی اقدامات کے تحت خطرناک ڈور، دھاتی تار، نائلون ڈور اور تیز مانجھا تیار کرنے اور استعمال کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ ڈور کی تیاری میں صرف نوٹیفکیشن کے تحت اجازت یافتہ مواد استعمال کیا جا سکے گا۔
ضلعی انتظامیہ نے موٹر سائیکلوں پر سیفٹی راڈز کی تنصیب سمیت دیگر حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد لازمی قرار دیا ہے۔ پولیس اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ بسنت کے دوران مقررہ شرائط کی سختی سے پابندی یقینی بنائی جائے تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ کیا جا سکے۔
بسنت کے لیے مقرر کردہ قواعد کا بنیادی مقصد تہوار کے دوران پتنگ بازی کو ضابطے میں لانا، خطرناک ڈور سے ہونے والے حادثات کی روک تھام اور شہریوں کی حفاظت یقینی بنانا ہے۔
