پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا تھیم پارک اسلام آباد میں قائم کرنے کا منصوبہ سامنے آگیا، جس کے لیے سعودی سرمایہ کار سرمایہ کاری کریں گے جبکہ کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) منصوبے کے لیے اراضی فراہم کرے گی۔
تھیم پارک منصوبے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ مفاہمتی یادداشت پر سعودی پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد السعود اور چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے دستخط کیے۔
محسن نقوی نے معاہدے پر دستخط کا خیرمقدم کرتے ہوئے شہزادہ منصور بن محمد السعود کو مبارکباد دی اور سعودی عرب سے آئے مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، خصوصاً اسلام آباد میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں اور وفاقی دارالحکومت کے انفرااسٹرکچر کو جدید ترین شہروں کے معیار کے مطابق بہتر بنایا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سعودی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ اسلام آباد میں تھیم پارک کا منصوبہ ایک گیم چینجر ثابت ہوگا۔ اس منصوبے سے تفریحی سہولتوں میں اضافے کے ساتھ سرمایہ کاری کے فروغ کے نئے امکانات بھی پیدا ہوں گے۔
محسن نقوی نے مزید بتایا کہ سعودی عرب میں رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کرنے کے لیے آئندہ چند ماہ کے دوران روڈ شو منعقد کرنے کی منصوبہ بندی بھی کی جا رہی ہے۔
اس موقع پر سعودی پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد السعود نے کہا کہ پاکستان، بالخصوص اسلام آباد میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے تھیم پارک منصوبے کے لیے تعاون اور سرمایہ کاری کے امکانات کو اہم قرار دیا۔
معاہدے کے تحت سعودی سرمایہ کار تھیم پارک کی تعمیر کے لیے سرمایہ فراہم کریں گے، جبکہ سی ڈی اے منصوبے کے لیے زمین مہیا کرے گی۔ تقریب میں سی ڈی اے کے ارکان اور سعودی وفد کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔
