Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ڈی آئی خان آپریشن، صدر اور وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے زرکانی میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 6 خوارج کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے جبکہ مقابلے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے نائیک غلام مرتضیٰ اور سپاہی تاثیر احمد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی بہادری، فرض شناسی اور عظیم قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ انہوں نے ملک میں امن و استحکام کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کی مسلسل قربانیوں اور پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا۔

صدر زرداری نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے غیر ملکی سرپرستوں اور ان کے مقامی سہولت کاروں کی سازشوں کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی زرکانی میں کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو مبارکباد دیتے ہوئے شہید ہونے والے نائیک غلام مرتضیٰ اور سپاہی تاثیر احمد کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

وزیراعظم نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وطنِ عزیز کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی روشن مثال ہیں اور پوری قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

وزیراعظم نے آپریشن عزمِ استحکام کے تحت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ امن و سلامتی کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

واضح رہے کہ آئی ایس پی آر کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے زرکانی میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج ہلاک ہوئے، جبکہ پاک فوج کے نائیک غلام مرتضیٰ اور سپاہی تاثیر احمد نے جامِ شہادت نوش کیا۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جبکہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

متعلقہ خبریں