Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان اپنے شہداء کا ہمیشہ مقروض رہے گا، صدر و وزیراعظم کا پیغام

‘شہداء کا خون، دفاع وطن، آزادی وسلامتی کے تحفظ اور خودمختاری کی ضمانت ہے’

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے نائیک سیف علی جنجوعہ شہید (نشانِ حیدر) کی 78 ویں برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنے شہداء کا ہمیشہ مقروض رہے گا۔

صدر آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پوری قوم کی جانب سے اور اپنی ذاتی حیثیت میں وطن کے اس بہادر سپوت کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نائیک سیف علی جنجوعہ شہید نے مادرِ وطن کی حرمت کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے شجاعت اور بہادری کی عظیم داستان رقم کی جو قومی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائے گی۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ جنگِ آزادی کشمیر کے دوران نائیک سیف علی جنجوعہ شہید نے تعداد میں کئی گنا زیادہ اور اضافی وسائل کے حامل دشمن کے شدید حملے کو مستعدی اور دلیری سے ناکام بنایا، شدید زخمی ہونے کے باوجود انہوں نے اپنے فوجی دستے کی کمان جاری رکھی اور دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے شہداء کا ہمیشہ مقروض رہے گا کیونکہ قوم کے یہ عظیم سپوت ملک کی آزادی، خودمختاری اور قومی سلامتی کی مضبوط بنیاد ہیں، شہداء کی قربانیاں قوم کے لئے حوصلے اور عزم کا سرچشمہ ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے بھی شہید نائیک سیف علی جنجوعہ کی برسی پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے، انہوں نے 1948 میں دوران جنگ دشمن کا جوانمردی سے مقابلہ کیا، زخمی ہونے کے باوجود اپنے فوجی دستے کی بہادری سے قیادت کی۔

انہوں نے کہا کہ نائیک سیف علی جنجوعہ نے دشمن کے خلاف آخری دم تک نبردآزما رہے اور جام شہادت نوش کیا، انہوں نے وادی کشمیر کے فرزند ہونے کا حق ادا کیا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ شہداء کا خون، دفاع وطن، آزادی وسلامتی کے تحفظ اور خودمختاری کی ضمانت ہے، پوری قوم تمام شہداء کے جذبہ حب الوطنی اور جانفشانی کو سلام پیش کرتی ہے۔

متعلقہ خبریں