Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

برین ہیمرج اور دل کے دورے کا خطرہ، بانی پی ٹی آئی کا چیف جسٹس صاحبان کے نام خط

‘ڈاکٹروں کے مطابق مجھے برین ہیمرج اور دل کے دورے کا شدید خطرہ ہے، بہت دیر ہونے سے پہلے انصاف فراہم کیا جائے’

اسلام آباد: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اڈیالہ جیل سے سپریم کورٹ، وفاقی آئینی عدالت اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس صاحبان کے نام خط لکھ دیا جس میں انہوں نے اپنی طبی سہولیات، جیل میں حالات اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے خط میں طبی سہولیات اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد کی اپیل کی اور کہا کہ میری آواز دیواروں سے باہر پہنچانے کے لیے یہ خط لکھ رہا ہوں۔

خط میں کہا گیا کہ مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، ستر سال کی عمر کے بعد میرے خلاف سیاسی انتقام کی بے مثال مہم شروع ہوئی، دو سال سے زائد عرصے سے روزانہ بائیس گھنٹے تنہائی میں رکھا جا رہا ہے، نہ اہلخانہ سے ملاقات، نہ وکلا تک رسائی، نہ کتابیں اور نہ ٹیلی ویژن۔

بانی پی ٹی آئی کے مطابق ایک سال میں صرف چار مرتبہ وکلا سے ملاقات کی اجازت دی گئی، جیل حکام اہلخانہ سے ہفتہ وار ملاقات بھی مسلسل منسوخ کر رہے ہیں، میرے بیٹوں کو فون پر بات کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی اور میری اہلیہ کو بھی قید تنہائی میں رکھا گیا۔

خط کے متن کے مطابق تنہائی اور انسانی رابطے کی کمی نے میری ذہنی صحت کو متاثر کیا، سپریم کورٹ نے اٹھارہ اگست کو مجھے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود طبی منتقلی پر عملدرآمد نہیں ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ میرا بلڈ پریشر ایک سو تیس سے بڑھ کر ایک سو ترانوے تک پہنچ چکا ہے، ڈاکٹروں کے مطابق مجھے برین ہیمرج اور دل کے دورے کا شدید خطرہ ہے، میری صحت اور بنیادی حقوق کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

خط میں بانی پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ القادر اپیل کو دیگر پرانی اپیلوں پر ترجیح دی جا رہی ہے، میں کسی رعایت کا طلبگار نہیں، صرف عدالتی احکامات پر عملدرآمد چاہتا ہوں، مجھے بہت دیر ہونے سے پہلے انصاف فراہم کیا جائے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version