Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عمر اکمل فٹنس سے متعلق سوال پر بھڑک اٹھے

قومی کرکٹر اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی عمر اکمل ٹک ٹاک ویڈیوز اور فٹنس سے متعلق سوالات پر صحافی پر بھڑک اٹھے۔

اتوار کو کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہارڈ ہٹنگ بلے باز صحافیوں کے سوالات پر ناخوش دکھائی دیے جب کہ انہوں نے میڈیا سے درخواست کی کہ ذاتی زندگی سے متعلق سوالات کرنے سے گریز کریں۔

میڈیا بریفنگ کے دوران صحافی کی جانب سے عمر اکمل سے ٹک ٹاک ویڈیوز اور فٹنس سے متعلق سوال کیا گیا جس پر وہ بھڑک اٹھے۔

صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے عمر اکمل نے کہا کہ ’آپ کو کس نے بتایا کہ میں ٹک ٹاک پر اکثر ویڈیوز اپلوڈ کرتا ہوں؟ یہ میری ذاتی زندگی ہے جو سب کے سامنے ہے، بہتر ہوگا کہ آپ ایسے سوالات کرنے سے گریز کریں‘۔

عمر اکمل نے اپنی فٹنس سے متعلق خدشات کو بھی دور کردیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ’میری فٹنس آپ کے سامنے ہے اور میں اکیلا نہیں ہوں، اگر آپ دوسرے کھلاڑیوں سے بھی اس بارے میں بات کریں گے تو وہ بھی اسی طرح کا جواب دیں گے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں نے اپنی فٹنس پر بہت محنت کی ہے اور میں خود کو کرکٹ کے لیے فٹ محسوس کررہا ہوں‘۔

واضح رہے کہ حال ہی میں سابق کپتان شاہد آفریدی نے عمر اکمل کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ’عمر اکمل کو تو فرنچائز کا شکر گزار ہونا چاہیے، جنہوں نے ناقص کارکردگی کے باوجود انہیں دوبارہ منتخب کیا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ دیگر فرنچائزز تو عمر اکمل کو لینے میں دلچسپی ہی نہیں رکھتے تھے جب کہ انہیں کافی عرصہ سے فٹنس کا مسئلہ درپیش ہے۔

متعلقہ خبریں