دیر بالا سے تعلق رکھنے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے 21 سالہ ابھرتے ہوئے آل راؤنڈر رضا اللہ مشوانی انگلینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی کے بعد اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچ گئے جہاں اہلِ خانہ اور مداحوں نے ان کا پُرجوش استقبال کیا۔
نوجوان کرکٹر کو ایئرپورٹ پر دیکھتے ہی مداحوں نے انہیں گھیر لیا اور سیلفیاں لینے کا سلسلہ شروع ہوگیا، جبکہ رضا اللہ کی آمد پر ایئرپورٹ کا ماحول خوشی اور جوش سے بھر گیا۔
بعد ازاں نہاگ درہ، دیر بالا سے تعلق رکھنے والے رضا اللہ مشوانی اپنے گھر پہنچے تو اہلِ علاقہ اور مداحوں کی بڑی تعداد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
مداحوں اور اہلِ علاقہ نے رضا اللہ مشوانی کو پھولوں کے ہار پہنائے اور انہیں شاندار کارکردگی پر مبارکباد دی، جبکہ نوجوان کرکٹر کے حق میں نعرے بھی لگائے گئے۔
رضا اللہ مشوانی کی قومی ٹیم کے لیے عمدہ کارکردگی پر اہلِ علاقہ نے فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کرکٹر نے اپنی صلاحیتوں سے دیر بالا کا نام روشن کیا ہے۔
رضا اللہ مشوانی کی گھر واپسی پر علاقے میں جشن کا سماں رہا اور بڑی تعداد میں لوگ اپنے قومی کرکٹر کی ایک جھلک دیکھنے اور ان کا استقبال کرنے کے لیے جمع ہوگئے۔
