Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایشین گیمز 2026، پاکستان ہاکی ٹیم کی ایونٹ میں مسلسل تیسری فتح

تین میچز میں نو پوائنٹس کے ساتھ پاکستان پول بی میں دوسرے نمبر پر موجود ہے

پاکستان نے ایشین گیمز 2026 کے مینز ہاکی مقابلے میں چین کو 0-3 سے شکست دے کر مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی۔

پول بی کے میچ میں پاکستان کی جانب سے کپتان ابوبکر محمود، سفیان اور حنان شاہد نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔ پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ رہا اور کوئی گول نہ ہوسکا۔

پاکستان نے دوسرے کوارٹر میں کھیل پر گرفت مضبوط کی۔ 19ویں منٹ میں کپتان ابوبکر محمود نے پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرکے ٹیم کو برتری دلائی، جس کے پانچ منٹ بعد سفیان نے ایک اور پنالٹی کارنر پر گول کرکے پاکستان کی برتری 0-2 کردی۔

28ویں منٹ میں حنان شاہد نے شاندار فیلڈ گول کرکے پاکستان کی برتری 0-3 کردی۔ پہلے ہاف کے اختتام تک پاکستان کو تین گول کی واضح برتری حاصل تھی۔

تیسرے کوارٹر میں زکریا حیات کو گرین کارڈ بھی دکھایا گیا، تاہم پاکستانی ٹیم نے اپنی برتری برقرار رکھی اور چین کو کوئی گول کرنے کا موقع نہیں دیا۔ میچ کے اختتام پر پاکستان نے 0-3 سے کامیابی اپنے نام کرلی۔

چین کے خلاف فتح کے ساتھ پاکستان نے ایشین گیمز ہاکی میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی ہے۔ پاکستان نے ایونٹ میں اپنے پہلے میچ میں تھائی لینڈ کو 0-9 سے شکست دی تھی، جبکہ دوسرے میچ میں ازبکستان کو 1-5 سے ہرایا تھا۔

تین میچز میں نو پوائنٹس کے ساتھ پاکستان پول بی میں دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ پاکستان کا گول ڈفرنس +16 ہے، جبکہ ملائیشیا بھی نو پوائنٹس کے ساتھ بہتر گول ڈفرنس +24 کی بنیاد پر پہلی پوزیشن پر ہے۔

پاکستان اپنا اگلا میچ ہفتے کو ملائیشیا کے خلاف کھیلے گا، جس میں پول بی کی ٹاپ پوزیشن کے لیے دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ اہم ہوگا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version