پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی20 میچز اور سہہ ملکی کرکٹ سیریز کے لیے راولپنڈی ٹریفک پولیس نے خصوصی ٹریفک پلان جاری کردیا۔ پاکستان اور سری لنکا کا پہلا پریکٹس میچ کل 6 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق کرکٹ اور پریکٹس میچز کے دوران 315 سے زائد اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے، جبکہ متبادل راستوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری بھی تعینات کی جائے گی۔
ٹیموں کی آمد و رفت کے دوران ٹریفک کو کم سے کم وقت کے لیے متبادل راستوں پر ڈائیورٹ کیا جائے گا۔ اسلام آباد سے آنے والی ٹریفک کو فیض آباد سے ایکسپریس وے کی جانب موڑا جائے گا، جبکہ راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک کو تین مراحل میں متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا۔
پہلے مرحلے میں ٹریفک 6th روڈ، دوسرے مرحلے میں رحمان آباد اور تیسرے مرحلے میں چاندنی چوک سے ڈائیورٹ کی جائے گی۔
میچ کے دوران اسٹیڈیم روڈ 9th ایونیو چوک سے ڈبل روڈ تک دونوں اطراف سے مکمل طور پر بند رہے گی۔ اسلام آباد سے اسٹیڈیم روڈ 9th ایونیو آنے والی ٹریفک فیض آباد اور آئی جے پی روڈ کے ذریعے راولپنڈی میں داخل ہوسکے گی، جبکہ 9th ایونیو سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک فیض آباد کے راستے اسلام آباد جاسکے گی۔
راولپنڈی ٹریفک پولیس کے مطابق شائقین کرکٹ کے لیے 3 مقامات پر پارکنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ میچز کے دوران شہر میں ٹریفک صورتحال سے متعلق شہریوں کو آفیشل سوشل میڈیا پیجز اور ریڈیو اسٹیشنز کے ذریعے آگاہ رکھا جائے گا۔
چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم نے شہریوں سے ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میچز کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا شہریوں کے تعاون سے بھی مشروط ہے، ٹریفک پولیس ہر موقع پر شہر میں ٹریفک رواں رکھنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔
