پاکستان کرکٹ بورڈ نے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے دوران 25 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل میچ کو چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے نام کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان 3 ملکی سیریز کا چوتھا ون ڈے انٹرنیشنل میچ بریسٹ کینسر آگاہی مہم کے تحت کھیلا جائے گا۔
اس سلسلے میں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پنک ربن مہم کے تحت خصوصی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم خصوصی طور پر تیار کردہ گلابی کٹ پہنے گی جبکہ انگلینڈ کی ٹیم، میچ آفیشلز اور کمنٹیٹرز کو بھی گلابی ربن پہننے کی دعوت دی جائے گی۔
میچ کے دوران پنک اسٹمپس استعمال ہوں گے اور اسٹیڈیم کی بڑی اسکرینوں اور ایل ای ڈی بورڈز پر آگاہی پیغامات نشر کیے جائیں گے۔
پی سی بی کے مطابق میچ شروع ہونے سے 2 گھنٹے قبل قذافی اسٹیڈیم میں پنک ربن مہم کی خصوصی سرگرمیوں کا آغاز ہو گا۔
اس حوالے سے خصوصی پنک شرٹس بھی متعارف کروا دی گئی ہیں جو 19 اکتوبر سے قذافی اسٹیڈیم میں پی سی بی مرچنڈائز شاپ اور آن لائن دستیاب ہوں گی۔
پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید کا کہنا ہے کہ کرکٹ کی مقبولیت کو چھاتی کے سرطان سے آگاہی، بروقت تشخیص اور علاج کا پیغام عام کرنے کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔
ڈائریکٹر کمرشل پی سی بی علی عدنان زیدی نے شائقینِ کرکٹ پر زور دیا ہے کہ وہ پنک ربن مہم کا حصہ بنیں اور بروقت تشخیص اور اسکریننگ کا پیغام اپنے خاندانوں اور معاشرے تک پہنچائیں۔
دوسری جانب چیف ایگزیکٹو آفیسر پنک ربن پاکستان عمر آفتاب کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے ساتھ اشتراک سے لاکھوں افراد تک چھاتی کے سرطان سے آگاہی کا پیغام پہنچانے اور مستحق خواتین کے علاج میں معاونت کا موقع ملے گا۔
