Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسلام آباد میں سپارکو کے زیر اہتمام 5 روزہ عالمی کانفرنس کا آغاز 27 اکتوبر سے ہوگا

کانفرنس میں 200 سے 250 قومی اور بین الاقوامی ماہرین کی شرکت متوقع ہے

پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) اور اقوام متحدہ پاکستان کے اشتراک سے خلائی ٹیکنالوجی کے ذریعے بروقت انتباہی نظام کو مؤثر بنانے کے موضوع پر پانچ روزہ بین الاقوامی کانفرنس 27 اکتوبر کو اسلام آباد میں شروع ہوگی، جو 31 اکتوبر تک جاری رہے گی۔

کانفرنس کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ہوں گے، جبکہ تقریب اسلام آباد کے سرینا ہوٹل میں منعقد کی جائے گی۔

کانفرنس میں 200 سے 250 قومی اور بین الاقوامی ماہرین کی شرکت متوقع ہے جن میں پالیسی ساز، محققین اور متعلقہ اداروں کے نمائندے شامل ہوں گے۔ شرکا خلائی اور سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے قدرتی آفات کی پیشگی اطلاع کے نظام کو بہتر بنانے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کریں گے۔

کانفرنس کے دوران سیلاب، خشک سالی اور شدید گرمی کی لہروں کی نگرانی کے لیے خلائی ٹیکنالوجی کے استعمال، موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے خطرات کی بروقت نشاندہی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی قومی صلاحیت مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

اس موقع پر خلائی معلومات کے مؤثر استعمال کے ذریعے بروقت فیصلوں، پیشگی منصوبہ بندی اور آفات سے نمٹنے کی تیاریوں کو بہتر بنانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

کانفرنس کے اختتام پر 31 اکتوبر کو قومی ادارہ برائے آفات سے نمٹنے (این ڈی ایم اے) کا تکنیکی دورہ کیا جائے گا، جس کے دوران قدرتی آفات کے انتظام اور پیشگی انتباہی نظام میں سیٹلائٹ معلومات کے عملی استعمال کا جائزہ لیا جائے گا۔

Exit mobile version