زخمی طالبہ نے ایمبولینس میں بورڈ کا امتحان دیا جس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
حال ہی میں ایک تصویر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں ایک لڑکی کو ایمبولینس میں لیٹے ہوئے بورڈ کا امتحان دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
تصویر کے حوالے سے بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ مذکورہ تصویر میں نظر آنے والی لڑکی بھارت کے شہر ممبئی سے تعلق رکھتی ہے اور دسویں جماعت کی طالبہ ہے۔
مبشرہ صادق نامی طالبہ جمعے کے روز سائنس کا امتحان دینے کے بعد گھر جا رہی تھی لیکن سڑک پار کرتے ہوئے اسے ایک گاڑی نے ٹکر مار دی۔
طالبہ اس حادثے کے نتیجے میں شدید زخمی ہوگئی، بایاں پاؤں بھی متاثر ہوا جس کی سرجری بھی ہوئی۔ ڈاکٹروں نے اس کو دو ہفتے مکمل آرام کا مشورہ دیا۔

شدید زخمی ہونے کی وجہ سے مبشرہ اسکول جا کر امتحان نہیں دے سکتی تھی، سال ضائع نہ ہو اس لیے مبشرہ نے اپنی اسکول ٹیچرز سے اگلا امتحان اسی حالت میں دینے کی گزارش کی۔ ٹیچرز نے اس کی درخواست کو بورڈ کے سامنے رکھا جس نے یہ درخواست قبول کرلی۔
بعدازاں مبشرہ امتحان دینے ایمبولینس میں ہی اسکول گئی، نگرانی کے لیے ایمبولینس میں ٹیچر بھی موجود تھی، طالبہ کیونکہ بیٹھ نہیں سکتی تھی اس لیے وہ لیٹ کر ہی پرچے کے سوالات کے جوابات زبانی بتاتی رہی اور دوسری طالبہ اس کے جوابات امتحانی کاپی پر لکھتی رہی۔




















