Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی: موسم سرما کی دھواں دھار انٹری، درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا

شہر کراچی میں موسم سرما کی دھواں دار انٹری کے بعد شہر کے درجہ حرارت میں بتدریج کمی آنے لگی ہے۔

اس حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج صبح شہر کے مختلف علاقوں میں کم سے کم ریکارڈ کئے جانے والے درجہ حرارت 8.5 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا ہے جبکہ سرکاری طور پر  11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

 

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہونے کا امکان ہے تاہم ہوا میں نمی کا تناسب 44 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شہر قائد میں آج سے سردی کی شدت میں اضافے کا امکان

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں 9 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مشرقی ہوا چل رہی ہے تاہم میدانی علاقوں میں دھند چھائی ہوئی ہے، حد نگاہ 4 کلو میٹر تک محدود ہوگئی ہے۔

اس حوالے سے سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ 7 جنوری تک شہر کا درجہ حرارت سنگل ڈجٹ میں جانے کا امکان ہے۔ درجہ حرارت 8 تا 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں 22 تا 30 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مشرقی ہوائیں  چلیں گی جس سے دن کے اوقات میں بھی درجہ حرارت میں کمی ہوگی۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 22 سے 25  ڈگری سینٹی  گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ 8 جنوری سے بلوچستان میں مغربی سسٹم داخل ہوگا  جس کے بعد چند روز تک سردی کی شدت میں کمی  ہوگی ۔

دوسری جانب آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں شدید سرد رہے گا۔

پنجاب، خیبرپختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید دھند پڑنے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: سردی کی بیماریوں سے بچانے میں مددگار چند پودے

موٹروے پر دھند کی صورتحال:

ملک بھر میں دھند کے باعث اہم موٹروے بند کردیئے ہیں جس میں ایم2، ایم 5،  ایم 4 سمیت ایم 11 ٹریفک کے لئے مکمل طور پر بند کردیئے ہیں۔

اس حوالے سے موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دوران سفر فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔

اسکے علاوہ تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔