Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملک میں بارشوں کا سلسلہ دو روز تک جاری رہے گا، محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک میں بارشوں کا سلسلہ دو روز تک جاری رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے اپنے جاری کردہ پیغام میں بتایا کہ جڑواں شہروں یعنی اسلام آباد راولپنڈی میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش جاری ہے، خطہ پوٹھوہار میں بھی ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

ادارے نے کہا کہ مری اور گلیات میں بارش سے موسم سرد ہو گیا ہے جبکہ کشمیر میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواوٗں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ گلگت بلتستان میں تیز ہواوٗں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔ سوات، دیر، چترال، پشاور، ایبٹ آباد، مانسہرہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا کہ سندھ  کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔ دادو، سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ، شہید بینظر آباد، میرپورخاص، حیدر آباد، ڈی جی خان، بہاولپور، بہاولنگر، ساہیوال، ملتان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ادارے نے مزید کہا کہ کوئٹہ، ژوب، چمن، زیارت، خضدار، قلات میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، بارشوں کا سلسلہ دو روز تک جاری رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں؛ پاکستان میں سورج کے گرد نظر آنے والا رنگوں کا ہالہ کس چیز کی نشانی ہے؟ محکمہ موسمیات کا اہم بیان