Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملک بھر میں کل سے مون سون بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے کل سے کراچی سمیت ملک بھر میں مون سون بارشوں کا قوی امکان ظاہر کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ کل سے شروع ہورہا ہے جس کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک بھر میں کل سے 27 اگست کے دوران وقفے وقفے سے مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، کل شام اور رات سے بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی جبکہ 23 اگست کو مغربی ہوائیں بھی ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کل سے27 اگست کے دوران کشمیر میں وادی نیلم، مظفرآباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں بادل برسیں گے جبکہ گلگت بلتستان میں دیامیر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گھانچے اور شگر میں بھی کل سے بارشوں کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین اور حافظ آباد میں بھی کل سے بارش کا امکان ہے جبکہ گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، قصور، لاہور اور شیخوپورہ مِیں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

 چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور اور کوہاٹ میں بھی بارش متوقع ہے، تاہم پشاور، مردان، صوابی اورنوشہرہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش جبکہ بعض مقامات پر تیز اور موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 24 سے26 اگست کے دوران کرم، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، کرک اور وزیرستان میں بھی بارش متوقع ہے جبکہ جمعرات سے میانوالی، سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ اور بھکر میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

25 اور 26 اگست کے دوران ڈیرہ غازی خان، راجن پور، موسیٰ خیل، بارکھان، ژوب، قلات اور خضدار میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، تاہم تیز اور موسلادھار بارش کے باعث کشمیر، گلگت بلتستان، چترال، دیر اور سوات کے ندی نالوں کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔

موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد،مردان، نوشہرہ، صوابی،گلیات، مری، راولپنڈی اور اسلام آباد کے مقامی اور برساتی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے جبکہ 25 اور26 اگست کو ڈیرہ غازی خان اور اس سے ملحقہ شمال مشرقی بلوچستان کے مقامی اور برساتی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں بھی اضافے کا امکان ہے۔

 کل سے 26 اگست کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ اور لاہور میں تیز اور موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے جبکہ درجہ حرارت میں اضافے اور موسلا دھار بارشوں سے گلگت بلتستان میں گلوف کا خدشہ ہے۔

علاوہ ازیں موسلا دھار بارشوں کے سبب مری، گلیات، کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے، تاہم کل سے27 اگست کے دوران تربیلا اور منگلا سمیت ڈیم آپریٹرز آبی ذخائر کی سطح اور موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ضروری اقدا مات کریں اور کسان حضرات موسمیاتی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے معاملات ترتیب دیں۔

محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ بارشوں کے باعث حالیہ گرم اور شدید حبس میں کمی کا امکان ہے، تاہم سیاحوں کو بارشوں کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ آندھی، جھکڑ، گرج چمک اور شدید بارشوں کے باعث کمزور انفرا اسٹرکچر (بجلی کے کھمبے، سولر پینل وغیرہ) کو نقصان پہنچ سکتا ہے، تاہم عوام کو محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے مراسلے میں ہدایت کی ہے کہ حساس علاقوں کیجانب ٹریفک کی منظم نگرانی کی جائے، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مشینری تیار رکھی جائے اور نشیبی علاقوں میں رہائش پذیرافراد کی نقل مکانی کیلئے انتظامات کیے جائیں۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔