کراچی: ملک میں موجود مغربی ہواؤں کا سلسلہ آج رات تک سندھ میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ سندھ میں داخل ہونے والے سسٹم کے زیر اثر 16 اور 17 اکتوبر کو صوبے کے بالائی اور وسطی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی اور درمیانی شدت کی بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سکھر، جیکب آباد، دادو، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، جامشورو، شہید بینظیر آباد، خیر پور، گھوٹکی، کشمور، سانگھڑ اور میر پور خاص کے اضلاع میں ہلکی سے درمیانی شدت کی بارشیں متوقع ہیں۔
اس کے علاوہ کراچی سمیت حیدرآباد، ٹھٹھہ، سجاول، بدین، عمر کوٹ اور تھرپارکر میں 17 اکتوبر کو ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی میں آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 27.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا اور آج زیادہ سے زیادہ پارہ 34 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔
ہوا میں نمی کا تناسب دن میں اوسطاً 75 فیصد جبکہ شام میں 60 فیصد رہے گا جس کے باعث گرمی کی شدت 38 ڈگری تک محسوس کی جاسکتی ہے، تاہم شہر میں مغربی اور جنوب مغربی سمت سے ہواؤں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
دوسری جانب سندھ کے بیشتر اضلاع میں آج گرم رہنے کا امکان ہے جبکہ سکھر، روہڑی، خیر پور، دادو، شہید بینظیر آباد میں پارہ 37 سے 40 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ حیدرآباد، جیکب آباد، لاڑکانہ میں درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری تک رہنے کی توقع ہے جبکہ ٹھٹھہ، بدین، میر پور خاص اور مٹھی میں درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔
ملک بھر میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران ملک میں بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں بارشوں اور برفباری کا نیا سسٹم کل سے داخل ہونے جارہا ہے ، 14 سے 17 اکتوبر کے دوران ملک میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے جبکہ پہاڑی علاقوں پر برفباری کا امکان ہے۔
13 سے 17 اکتوبر تک سوات مانسہرہ، مالاکنڈ، ایبٹ آباد، کشمیر، گلگت بلتستان سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ 13 سے 17 اکتوبر تک پنجاب میں لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، گوجرانولہ سمیت کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق 17 اور 18 اکتوبر کو سندھ اور بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، تاہم چترال، سوات، مری سمیت پہاڑی علاقوں میں پانی کا بہاؤ تیز ہونے کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ لاہور، راولپنڈی اور گوجرانولہ میں بھی اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت بھی جاری کردی ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں




















