Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سرد رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند و اسموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج اسلام آباد میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ صوبہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک بالائی علاقوں میں شدید سرد رہے گا۔

صبح اور رات کے اوقات میں مردان، صوابی، چارسدہ نوشہرہ، پشاور اور ڈی آئی خان میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے جبکہ صوبہ پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد مری، گلیات اور گردونواح میں موسم شدید سرد رہے گا۔

اس کے علاوہ بہاولپور، ساہیوال، سرگودھا، لاہور، گوجرانوالہ، نارووال، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خانیوال، ملتان خان پور، رحیم یار خان، سیالکوٹ، حافظ آباد، گجرات، منڈی بہاؤالدین، جہلم، بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان اور گردو نواح میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید دھند و اسموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک شمالی اضلاع میں شدید سرد رہے گا جبکہ صبح کے اوقات میں خطۂ پوٹھوہار میں بعض مقامات پرکہر پڑنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ جیکب آباد، موہنجوداڑو، سکھر، لاڑکانہ، دادو، گھوٹکی اور پڈعیدن میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند و اسموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک بالائی علاقوں میں مطلع ابرآلود رہا جبکہ بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور شمال مشرقی پنجاب میں بارش، گلگت بلتستان اور مری میں ہلکی برفباری ریکارڈ ہوئی۔