محکمہ موسمیات نے بارشوں سے متعلق اہم پیشگوئی کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے جبکہ کشمیر اور گلگلت بلتستان میں بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور خشک رہے گا، پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک رہے گا۔
بہاولپور، ساہیوال، اوکاڑہ ،قصور، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، جہلم، منگلا، فیصل آباد، جھنگ، سرگودھا، منڈی بہاؤالدین، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خانیوال، ملتان اور خان پور میں دھند پھیلی ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ جیکب آباد، حیدرآباد، موہنجوداڑو، سکھر، لاڑکانہ، دادو، گھوٹکی، خیر پور، کشمور، پڈعیدن میں دھند کا ڈیرا ہے۔
خیبرپختونخوا کے شہر چارسدہ، مردان،نوشہرہ ، صوابی ، پشاور، لکی مروت، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور گردونواح بھی دھند کی لپیٹ میں ہیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کی طرف سے کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں آج ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی پیشگوئی کے مطابق شمالی بلوچستان میں شدید سردی ہوگی جبکہ خطہ پوٹھوہار میں صبح کے اوقات میں کہرا پڑنے کا امکان ہے۔




















