محکمہ موسمیات نے 27 جنوری سے بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیش گوئی کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 27 جنوری سے مغربی ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں موجود رہیں گی جس کے باعث وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سے گلگت بلتستان کشمیر میں وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے، ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔
27سے 31جنوری تک چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، کوہاٹ اور بنوں میں وقفے وقفے سے ہلکی و درمیانی بارش اور پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے۔
28اور 29جنوری کو کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن، بارکھان اور مکران کے ساحلی علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔
چارسدہ، مردان،نوشہرہ، صوابی، پشاور، لکی مروت، وزیرستان،کوہاٹ اوربنوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ اسلام آباد خطہ پوٹھوہار میں ہلکی سے درمیانی بارش اور پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے، 30اور 31جنوری کو گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، سرگودھا میں ہلکی و درمیانی بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے بارشوں اور برفباری سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ہے، پی ڈی ایم اے کے مطابق آج سے 31 جنوری تک پنجاب کے میدانی علاقوں میں بارش اور برف باری کا امکان ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مری ، گلیات میں آج سے 31 جنوری تک بارش کیساتھ برف باری کا امکان ہے، مری اور گلیات میں برف باری سے سڑکوں کی صورت حال خراب ہوسکتی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سیاح موسمی صورتحال چیک کیے بنا سفر نہ کریں، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈ نگ کے امکانات ہیں۔




















