Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش؛ موسم خوشگوار

کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور ٹھنڈی ہواؤں سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق کراچی کے علاقے صدر، کالا پل، سی ویو، کلفٹن، سہراب گوٹھ ، گلشن معمار و اطراف میں ہلکی بارش ہوئی جس کے بعد موسم خوش گوار ہوگیا۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا ہے کہ بارش برسانے والا سسٹم کے اثرات کراچی تک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں، اس کے نتیجے میں آج صبح شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ شہر میں کل تک ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے جبکہ شہر کے مضافات میں تیز بارش ہوسکتی ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ نے مزید کہا کہ آج مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، تاہم یکم فروری سے درجہ حرارت میں اضافہ ہونا شروع ہوگا، رواں سال کراچی میں سردی نہ ہونے کے برابر پڑی ہے، ملک بھر میں دسمبر میں 90 فیصد کم بارشیں ہوئی۔

دوسری جانب آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد جبکہ بالائی علاقوں میں ابرآلود رہنے کا امکان ہے جبکہ گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہار، بالائی پنجاب اور کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔

علاوہ ازیں پنجاب اور بالائی سندھ کے چند میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔