Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مسلسل پانچ دن بارشیں؛ محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا

محکمہ موسمیات نے مسلسل پانچ دن بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے پنجاب میں 31 جنوری سے 4 فروری تک بارشوں کا امکان  ظاہر کیا گیا ہے جبکہ مری میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

خطہ پوٹھوہار، آزاد کشمیر،گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں بارش اور برف باری متوقع ہے، راولپنڈی، اسلام آباد اور گرد و نواح میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیاحوں کے لیے ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔ سیاح مری آنے سے پہلے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا سے موسمیاتی صورتحال سے آگاہی حاصل کریں۔ برف باری والی جگہوں پر ٹائر چین لازمی استعمال کریں۔

سیاح ٹریفک کی روانی کے لیے ٹریفک پولیس کا ساتھ دیں۔ سیاحوں کی مدد اور رہنمائی کے لیے مری میں 13 مقامات پر سہولت مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

سیاح ایمرجنسی کی صورت میں ایمرجنسی سروس 1122 پر رابطہ کریں۔ سیاح ٹورازم کی ہیلپ لائن 1421, یا پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔