Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی میں آج بوندا باندی اور ہلکی بارش کی پیشگوئی

کراچی: شہر قائد پر بادلوں کے ڈیرے ہیں، محکمہ موسمیات کے مطابق آج بوندا باندی اور ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ کراچی میں اس وقت مطلع ابر آلود اور موسم سرد ہے، شمال مشرق سمت سے ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے، تاہم شمال مشرق سمت سے 7 سے 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 17.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ موجودہ درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

اسکے علاوہ شہر کا آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 48 فیصد ہے۔

دوسری جانب آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد اور ابرآلود رہے گا۔

بلوچستان کے جنوبی اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ مکران کے ساحلی علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

علاوہ ازیں کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں الگ تھلگ مقامات پر ہلکی بارش اور آندھی کی بھی توقع ہے۔

شمال مشرقی پنجاب کے میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں چند مقامات پر ہلکی دھند پڑنے کا امکان ہے۔