ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے جبکہ جنوبی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ بلوچستان کے شمالی و جنوب مغربی اضلاع میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ کل رات سے بلوچستان میں داخل ہو چکا ہے، ہواؤں کا یہ سلسلہ آج ملک کے بیشتر بالائی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے گا۔
آج اور کل مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، میانوالی اور خوشاب میں ہلکی سے درمیانی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ سرگودھا، بھکر، لیہ اور ڈیرہ غازی خان میں آج اور کل تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر میں وادی نیلم، مظفر آباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر، میر پور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جبکہ کشمیر میں چند مقامات پر ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔
چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں بھی بارش اور برفباری کا امکان ہے جبکہ صوابی، مردان، چارسدہ، نوشہرہ، پشاور، مہمند، باجوڑ، خیبر، کرم، کوہاٹ، بنوں اور وزیرستان میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوسکتی ہے۔




















