Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کل سے ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان

ملک کے بیشتر علاقوں میں کل سے آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کل سے مغربی ہواؤں کا نیا اور طاقتور سلسلہ ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہوگا۔

کل سے 2 مارچ کے دوران بیشتر علاقوں میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر شدید برفباری اور چند مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔

شدید بارش کے باعث طغیانی جبکہ شدید برفباری سے متاثرہ علاقوں میں روز مرہ کے معاملات متاثر ہونے کا خدشہ ہے، طاقتور مغربی ہواؤں کا سلسلہ یکم مارچ کو ملک کے بیشتر علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے گا۔

کل سے یکم مارچ کے دوران نوکنڈی، دالبندین، چاغی، قلات اور خضدار میں موسلادھار بارش کا امکان ہے جبکہ لسبیلہ، آواران، تربت، کیچ، گوادر، جیوانی، پسنی، اورماڑہ، پنجگور اور خاران میں بھی آندھی کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

نوشکی، واشک، مستونگ، سبی، نصیر آباد، ژوب، شیرانی، بارکھان، موسیٰ خیل اور کوہلو میں بھی تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

جھل مگسی، لورالائی، زیارت، کوئٹہ، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں اکثر مقامات پر آندھی چلنے، گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

بلوچستان میں چند مقامات پر ژالہ باری کی بھی توقع ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں کل سے 3 مارچ کے دوران چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور ہری پور میں بارش کا امکان ہے۔

چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور ہری پور میں پہاڑں پر شدید برفباری کا امکان ہے جبکہ کوہستان، شانگلہ، بونیر، باجوڑ، کرک، خیبر، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، مردان اور کرم میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔

 کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، خیرپور اور میرپور خاص میں آندھی چلنےاور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ سندھ میں اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔