گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد موسم مزید سرد ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والا ہوا کے کم دباؤ کا سسٹم شہر سے نکل گیا، آج کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد اور راولپنڈی میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش جاری ہے۔
آج خیبر پختونخوا، اسلام آباد، بالائی پنجاب، شمالی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بیشتر مقامات پر آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر شدید برفباری کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے مزید بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے




















