شہر کراچی میں سائبرین ہواؤں کا راج برقرار ہے، تاہم دو روز سے چلنے والی تیز سرد ہوائیں بدستور چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں اس وقت 15 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، تاہم کل سے ہواؤں کی رفتار میں کمی آنا شروع ہوگی۔
محکمہ موسمیات نے کراچی میں موسم کی صورتحال بتاتے ہوئے کہا کہ شہر کا آج کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 52فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ آج مطلع صاف رہے گا البتہ بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے کراچی میں جمعہ سے ہفتے کی صبح تک بارش کی پیشگوئی کی تھی، شہر میں بارش کا پہلا دور جمعے کو صبح گیارہ بجے شروع ہوا۔
بلدیہ اتحاد ٹاؤن، سرجانی ٹاؤن، سائٹ ایریا، نارتھ کراچی، نیو کراچی، اورنگی میں ہلکی بارش ہوئی، اس کے علاوہ کھارادر، گلستان جوہر، صفورا، طارق روڈ، پی آئی بی، جمشید روڈ، ماڑی پور، فیڈرل بی ایریا میں بھی بارش ہوئی۔
گزشتہ روز چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز نے کراچی میں موسم کی صورتحال بتاتے ہوئے کہا تھا کہ بارش کا سسٹم بتدریج مشرقی کی جانب منتقل ہورہا ہے۔




















