محکمہ موسمیات نے کراچی میں عید پر موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی پیشگوئی کے مطابق شہر قائد میں آج سے 12 اپریل تک گرمی کی شدت بڑھنے اور 14 اپریل کو بارش کا امکان ہے۔
موسم کے حوالے سے موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کا کہنا ہے کہ سندھ کے بیشتر مقامات پر گرمی بڑھ رہی ہے، عید کے دنوں میں کراچی میں درجہ حرارت 37سے38 ڈگری سینٹی گریڈ ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں 12 اپریل تک موسم گرم جبکہ 12 اپریل کے بعد گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے، 13 یا 14 اپریل سے مغربی ہوائیں ملک کے بیشتر مقامات پر بارشوں کا باعث بنیں گی۔
جواد میمن نے کہا کہ کراچی میں بھی 14 اپریل سے بارش کا امکان ہے اس دوران شہر قائد میں ہلکی سے معتدل شدت کی بارش ہو سکتی ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کا کہنا ہے کہ رواں سال اپریل میں معمول سے زائد بارشیں ملک میں ہوسکتی ہیں، 22 یا 23 اپریل تک مزید مغربی سسٹم ملک میں بارشوں کا باعث بن سکتے ہیں اس دوران کراچی میں بھی 22 یا 23 اپریل تک بارش کا امکان رہے گا۔




















