Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملک کے بیشتر علاقوں میں آج سے شدید گرمی کی لہر کا امکان

ملک کے بیشتر علاقوں میں آج سے 27 مئی تک گرمی کی لہر کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور پنجاب میں آج سے 23 مئی کے دوران دن کا درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ جبکہ 23 سے 27 مئی کے دوران 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 15 سے 30 مئی کے دوران درجہ حرارت 40 ڈگری تک جاسکتا ہے جب کہ درجہ حرارت بڑھنے سے ہیٹ ویو کا پہلا اسپیل متوقع ہے۔

پہلا اسپیل 2 سے 3 دن پر محیط ہوگا، مئی کے آخر میں دوسرا اسپیل 4 سے 5 دن تک جاری رہے گا، جون میں درجہ حرارت 45 ڈگری تک جانے کا امکان ہے جبکہ جون کے پہلے 10 دن کے دوران ہیٹ ویو کا تیسرا اسپیل متوقع ہے۔

دوسری جانب شہر قائد میں گرمی کا راج برقرار ہے، آج بھی موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا آج کم سے کم درجہ حرارت 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ پارہ 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ گرمی کی شدت 40 تا 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جائے گی اور ہوا میں نمی کا تناسب 76 فیصد ہے، تاہم جنوب مغربی سمت سے 19 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

بعدازاں اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں آج سے 27 مئی کے دوران دن کا درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہے گا۔